Hifsaalmas

Ma'afi by Amna Nazar

معافی 

آمنہ نذر 
لاہور


Unplash 



انسان تو ہے ہی خطا کا پتلا روز گناہ روز اس ذات کی نافرمانی روز ایک نئے سرے سے ان سب کا آغاز اور اختتام کہاں پر ہے ؟

میں یہ بات پچپن سے سنتی آئی ہوں میرے ابو ہمیشہ سے درگزر اور معاف کرنا اور یہاں تک کہ معافی مانگنے کی سخت تلقین کرتے نہ صرف تلقین بلکہ اس پر عمل بھی کرواتے رہے ہیں

لیکن میرا سوال ہے کہ انسان معافی کیوں مانگتا ہے خاص طور پر وہاں جہاں غلطی بھی نہ ہو ؟ انسان اپنی زندگی میں بہت بار غلطی کر کے معافی مانگتا ہے کبھی گناہ کر کے توبہ بھی کرتا ہے اور یہاں تک کہ کبھی غلطی کے بغیر بھی معافی مانگنے کی نوبت آ جاتی ہے اور میں کہتی ہوں معافی مانگنا بعض اوقات بہت ہی فائدہ بھی دیتا ہے

مثال کے طور پر بہت سے رشتوں کو صرف ایک معافی ایک ندامت کا لفظ ہی بچا لیتا ہے اور بعض اوقات یہ انا ہی انسان کو لے ڈوبتی ہے 

آپ ﷺ نے بھی معاف اور درگزر کرنے کی تلقین کی ہے یہاں تک کہ اللہ تعالی نے آپ ﷺ کو بھی لوگوں سے معافی اور درگزر کا رویہ اختیار کرنے کی تلقین کی ہے 

ایک حدیث میں آتا ہے حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ اللہ کے فرمان (خذ العفو) "معاف کرنا اپنائیے" کی تفسیر میں انہوں نے بیان کیا ہے کہ نبی ﷺ کو حکم دیا گیا تھا کہ لوگوں کی عادات و معاملات میں ان کے ساتھ معافی کا رویہ اختیار کریں 

(سنن ابی داؤد #٤٦٧٦)

یہ تو ہو گیا لوگوں کے ساتھ معاملہ لیکن ایک تعلق معافی کا بندے کا اپنے اللہ اپنے خالق حقیقی سے بھی ہوتا ہے اور وہ ہے توبہ کا تعلق بندہ اپنے رب سے کیسے معافی مانگتا ہے کیا اس کے لیے کچھ اہتمام کرنا پڑتا ہے یا کیا اس سے معافی مانگنے کے لیے کچھ خرچ کرنا پڑتا ہے جیسے لوگوں کو تحفے تحائف دیے جاتے ہیں دعوت کی جاتی ہے ؟

اس کا جواب بھی ہاں میں ہی ہے رب سے معافی مانگنے کے لیے اہتمام بھی کرتا پڑتا ہے کچھ خرچ بھی کرتا پڑتا ہے اور دعوت بھی کرنی پڑتی ہے اب آپ یہ پڑھ کر حیران ہو رہے ہوں گے کہ ہم رب سے معافی مانگنے کے لیے اہتمام کیسے کر سکتے ہیں ؟ اور اللہ کو کیسے ہم تحفے تحائف دے سکتے ہیں اور رب کی دعوت کیسے کی جا سکتی ہے ؟ ( نعوذ باللہ)

اب اہتمام ایسے کیا جاتا ہے مثال کے طور پر آپ سے کوئی غلطی ہو گئی ہے یا کوئی گناہ ہو گیا ہے اور آپ اس پر نادم ہیں شرمندہ ہیں رب سے کیوں کہ جس کام سے رب نے منع کیا وہی شیطان کے بہکاوے میں کر بیٹھے ہیں اور رب سے توبہ کرنا چاہتے ہیں وہ بھی سچے والی تو شرمندگی اور ندامت کی صورت میں یہ اہتمام ہے رب سے توبہ کرنے کا معافی مانگنے کا

اب اگلا مرحلہ معافی مانگنے کا ہے توبہ کا ہے انسان جب گناہوں کی معافی کے لیے سجدے میں گرتا ہے تو اسے توبہ کہتے ہیں اس حوالے سے قرآن مجید میں ارشاد ہوتا ہے اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:

اور میں نے کہا کہ اپنے رب سے اپنے گناہ بخشواؤ ( اور معافی مانگو ) وہ یقینا بڑا بخشنے والا ہے

(القرآن)

اللہ سے سچے دل سے معافی مانگنا آگے گناہ نہ کرنے کی نیت سے توبہ کرنا ہی اللہ کو تحفے تحائف دینے کے مترادف ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ کو بندے کی توبہ سے زیادہ کوئی چیز بھی خوشی نہیں دیتی لیکن اس پر شرط یہ ہے کہ بندہ آگے سے گناہ نہ کرنے کا عہد کرے اور اپنے اس عہد پر قائم رہنا اور گناہ نہ کرنا ہی رب کی دعوت ہے

اب ہمیں کیسے پتہ چلتا ہے کہ ہماری توبہ قبول ہو گئی ہے وہ تب جب اللہ ہمارے دل میں سکینت طاری کر دے اور دوسرا ہمارا یقین بھی تو ہوتا ہے جس یقین سے ہم اللہ تعالی سے معافی مانگتے ہیں کیوں کہ ہم سب کو پتہ ہے کہ وہ غفور الرحیم بھی تو ہے بخشنے والا اور مہربان بھی تو ہے

جیسے مثال کے طور پر اگر کوئی بچہ غلطی کرتا ہے تو ماں کی ڈانٹ کے باوجود وہ ماں کے پاس ہی جاتا ہے چاہے وہ مار ہی کیوں نہ لے اس سے زیادہ خوبصورت بندے کا تعلق اپنے رب اپنے غفار سے ہے اور یہ ایسا تعلق ہے جسے کوئی بھی مثال بیان نہیں کر سکتی

اس لیے اگر شیطان کے بہکاوے میں آ کر کہیں کچھ کر بیٹھیں کوئی گناہ ہو جائے کوئی غلطی ہو جائے تو فوراً معافی مانگ لیں دنیا میں معافی مانگنے میں کوئی قباحت نہیں البتہ آخرت میں مشکل ہو سکتی ہے اور رب سے معافی مانگنے سے پہلے اس کے بندوں سے معافی مانگ لینی چاہیے جو ان کا دل دکھایا یا کچھ بھی برا کیا کیوں کہ یہ بندے کا بندے سے تعلق ہے اگر بندے کو چھوڑ کر اسی غلطی کی معافی اللہ سے مانگے گے تو اللہ معاف نہیں کرے گا جب تک بندہ نہ کرے اور حقوق العباد کو پورا کریں اس کی معافی نہیں حقوق اللہ تو معاف ہو جاتے کیوں کہ اس کا تعلق رب سے ہوتا ہے اور اللہ تعالی تو اپنے بندوں کی نادانیوں کو تو معاف کر دیتا ہے بخش دیتا ہے

اللہ تعالی ہم سب کو لوگوں سے معافی مانگنے اور اپنے اللہ تعالیٰ سے تعلق مضبوط کرنے کے لئے توبہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہم دنیا اور آخرت دونوں میں سرخرو ہوں 


آمین ثم آمین

Post a Comment

0 Comments