Hifsaalmas

Dastan aik clock ki by Ammad Hassan (Reviewer-Hifsa Almas)

 داستان ایک کلاک کی 

عماد حسن 

تبصرہ نگار: حفصہ الماس 



عماد حسن ، ادب میں جانا پہچانا نام ہے جس سے شاید ہی کوئی ناواقف ہو، ان کی کتاب پہ میری ادنی سی رائے کچھ اہمیت تو نہیں رکھتی ہوگی لیکن چونکہ یہ کتاب مجھے تحفتاً ملی ہے اور میرا فرض ہے کہ میں اس کو پڑھ کر اپنا حق ادا کروں تو سوچا کیوں نہ میں بھی سر کی کتاب کو سراہوں۔ 

بطور گرافکس ڈیزائنر کام کرتے یہ شروعات کے دن تھے جب کتاب کے بیک کور کے لیے یہ کتاب میرے پاس پہنچی تھی اور میری خوشی دیدنی تھی کہ اتنے بڑے ادیب کی کتاب کی بیک میرے ہاتھوں خراب ہوگی۔ خیر کوشش کی اور کسی حد تک کامیاب ٹھہری کیونکہ تجربہ کچھ خاص نہیں تھا اب ہاتھوں میں ہے تو بیٹھی سوچ رہی تھی کہ یار مزید بہتری ہوسکتی تھی لیکن سر کا شکریہ جنہوں نے اس کاوش کو قبول کیا۔ 

کتاب کے فرنٹ کور کو میں خوب سراہوں گی۔ چوائس لاجواب ہےاور اوپر سے پھر کتاب کا نام کہانی کے لیے لحاظ سے کس حد تک موزوں ہے یہ کہانی پڑھ کر اندازہ ہوا۔ 

سر عماد حسن کی تحریر میں اتنی پختگی اور روانی تھی کہ یقین مانیں تجسس کے مارے ایک گھنٹے کے اندر اندر کہانی مکمل پڑھ لی اور یہ داستان پڑھ کر اندازہ ہوا کہ اگر واقعی کلاک بولتے ہوتے تو کیا ہوتا؟ ایک بے زبان کلاک کی داستان نے مانو تو دل خوش کردیا۔ احساسات و جذبات سے گندھی ، محبت میں لپٹی ایک فیمیلی کے ساتھ ساتھ تاریخ میں پیش آنے والے واقعات سے روشناس کرواتی اس کتاب میں کیا کیا نہیں تھا۔ 80 سالوں پہ محیط کلاک کی داستان کو80 صفحات پہ رقم کیا اور چیدہ چیدہ اہم واقعات کو جس طرح آپ نے پیش کیا اس کے لیے جتنی داد دی جائے وہ کم ہے۔ اس داستان کو پڑھتے ہوئے ایک سیکنڈ کے لیے بھی بوریت کا احساس نہیں ہوا۔ محسوس ہی نہیں ہوا کہ ایک لفظ کی بھی کمی بیشی کی ضرورت ہے اتنے نپے تلے الفاظ میں بیان کیا گیا ہے کہ کوئی بات اضافی نہیں لگی۔ 

بہت سے کرداروں کو ایک ساتھ لے کر جس محبت سے آپ نے فیملی کو یکجا رکھا اور رشتوں کے ایک ساتھ ہونے کا ہنر دکھایا وہ بہت خوبصورت لگا۔ کلاک کی داستان کو تاریخ کے جھروکوں سے گزار کر جیسے بیان کیا آپ کے وسیع علم کا ثبوت ہے۔ 

یہ کتاب پڑھ کر میں اپنے گھر کے وال کلاک کو ایک نظر دیکھ کر یہ سوچنے پر مجبور ہوگئی کہ ممکن ہے اس کی بھی کوئی داستان ہو جیسے مبارک منزل میں موجود کلاک کی تھی۔ خیر بچوں اور بڑوں کے مطالعہ کے لیے ایک بہترین ناول ہے کیونکہ اس میں تاریخ کو بھی واقعات کے ساتھ ساتھ عمدہ انداز میں بیان کیا گیا ہے اور پاکستان کے بننے سے پہلے سے کر بعد تک ہونے والی مختلف جنگوں کا بھی ذکر موجود ہے جو معلومات میں اضافے کا باعث ہیں۔ باقی مجموعی طور پر ناول پڑھ کر اچھا لگا۔ سر آپ کے لیے بہت سی داد اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات



Post a Comment

0 Comments