” میں ایک حادثاتی لکھاری“
تحریر:آرسی رٶف
پانچ برس پہلے ،سال دو ہزار سترہ میں خداوند تعالی نے ہمیں ایک ننھی پری سے نوازا۔ابھی خدا کی عطا کردہ اس نعمت کو ہم نے ہسپتال سے گھر شفٹ کرنا تھا کہ یرقان تشخیص ہو گیا۔اس کے دونوں بھاٸی جو اس کے گھر لائے جانے کی خوشی سے پھولےنہ سما رہے تھے۔انہیں اس کی فقط ایک جھلک دکھلا کر اسے پھرسےہسپتال شفٹ کر دیا گیا۔یرقان کی افتاد ٹلی تو پتہ چلا کہ دوران علاج کوٸی جرثومہ سرنج کے راستے بدن میں داخل ہو کر آرتھراٸٹس کا شکار کر چکا ہے۔بھاٸیوں کے پژمردہ اور اداس چہرے اسے ہسپتال دیکھنے آتے۔ہم اسکی زیست کے لیےجھولیاں پھیلاۓ امید و بیم کی کیفیت سے دو چار دو ماہ تک اس کا علاج کرواتے رہے۔۔علاج کے تکمل کےبعد گھر لے کر آۓ۔فالو اپ کے لیے دوبارہ ہسپتال کا رخ کیا تو پتہ چلا بیماری پھر سے عود آٸی ہے۔زندگی مشلات کا شکار،ہم دونوں میاں بیوی اور بچے عجب مساٸل سے دو چار تھے۔ اتنا لمبا عرصہ کون کسی کا معاون ہو سکتا تھا۔بس خدا کی مدد شامل حال تھی۔بچی کے بدن کا ہر حصہ کینولوں کی سوٸیوں کی زد میں تھا۔وہ نرس کا ہاتھ لگتے ہی سمجھ جاتی کہ اس کے بعد درد کی کیفیت سے گزرنا ہے سو پہلے ہی سہم کر رونے لگتی۔کبھی نس نہ ملتی تو کبھی کینولہ کی وجہ سے بدن کا وہ حصہ سوج جاتا۔ہمارے پاس سوائے خدا سے عرضیاں کرنے کے اور کوٸی چارہ نہیں تھا۔خدا خدا کر کے چھے ماہ کے علاج کے بعد بچی گھر آگٸ۔سال بعد بچی کھڑے ہونے کی بجاۓ گھسٹ کر چلنے کو ترجیح دینے لگی تو پھر سے ڈاکٹر کا رخ کیا گیا۔ڈاکٹر نے آپریشن کو کہہ دیا۔اس کے کولہے کی ہڈی کا آپریشن کروایا گیا۔ دوسری ٹانگ کو بھی سہارا دینے کی غرض سے پلستر چڑھا دیا گیا۔مجھے قریباً عرصہ چھے ماہ ہمہ وقت اس کے پاس رہ کر اس کا خیال رکھنا تھا۔اتنا لمبا عرصہ میں کوٸی بارآور کام کرنے کے بارے میں سوچنے لگی۔مختلف کتابوں کو از سرنو پڑھنا شروع کیا۔ان دنوں پتہ نہیں کیوں تھامس ہارڈی کو پڑھنے کو بہت دل کرنے لگا۔اس کا ناول
” ٹیس آف دا ڈی اربی ولز“ پھر سے پڑھ ڈالا۔اس میں موجود یاسیت کو ایک طرف رکھ کر فطرت کی عکاسی میں کھونے کو دل کرتا۔یونہی سا آڑھا ترچھا لکھتے لکھتے خیال آیا ۔مجھے بھی کچھ تحریر کرنا چاہیے۔مجھے کچھ لکھنا ہو گا ورنہ اس پریشان کیفیت میں میرا دماغ سن ہو جاۓ گا۔مجھے اپنی بچی کا خیال رکھنے کے لیے اپنے ذہن کی آبیاری شروع کرنی ہو گی۔میں نے how to write an impressive novel
کے حوالے سے گوگل سرچز،آرٹیکل دیکھنے شروع کر دیے۔
![]() |
| pexels |
ذہن میں ایک پلاٹ ترتیب دیا۔اور پھر لکھنا شروع کردیا۔روزانہ چند لاٸنیں ہی لکھ پاتی کیونکہ زیادہ وقت بیٹی کو دینا پڑتا۔اس پورے عرصے میں جب بھی وقت ملتا میں کچھ نہ کچھ لکھ دیتی۔آخر اسے مکمل کرنے کے بعد میں نے یہ تہیہ کر کے چونکہ یہ میری پہلی تحریر ہے اس میں اغلاط کا جم غفیر ہوگا۔اس کے تمام صفحات کو سٹیپل کر کے ڈاٸری چھپا دی۔چھے ماہ بعد تک پلستر اترا لیکن اب احتیاط مزید بڑھا دی گٸ کہ کہیں گر کر چوٹ نہ لگا دے۔لہذا پوری دلجمعی کے ساتھ بچوں کے ساتھ مصروف ہو گٸ۔زندگی مشکل دورسے گزر رہی تھی۔ایک سال بعد بچی کا جو فالو اپ ہوا،اس میں ڈاکٹر نے الحمد للہ مکمل صحت یاب قرار دے دیا۔مجھے ناولٹ تحریر کیے ہوئے ایک سال گزر چکا تھا۔خیال آیا کیوں نہ اسے کھول کردیکھا جائے۔اس کو دوبارہ پڑھ کر نوک پلک سنواری۔اور اسے ”گنجھل“ کا نام دے دیا۔چھپوانے کا خیال تب نہیں آیا تھا۔ہاں اس کا انگریزی ترجمہ کرنے کا خیال ضرور آیا۔میاں کو پڑھایا جن کو کوٸ بھی چیزجلدی جلدی پسند نہیں آتی،ان کی طرف سے کچھ مثبت سننے کو ملا تو حوصلہ بڑھا۔لٹلاٸٹ کے تحت ٹاٸیز اینڈ ناٹس کے نام سے بطور اینتھالوجی چھپ چکا ہے۔جہاں تک اردو ورژن کی بات ہے اردو ڈاٸجسٹ والے اگر اس کی طوالت کوخاطر میں نہ لائے تو میری تحریر ”گنجھل“جلد آپ کے ہاتھوں میں ہو گی،کیونکہ انہوں نے اکتوبر کے شمارے میں چھاپنے کا عندیہ دیا تو تھا پر ابھی ت ثالنہی رہےہیں۔یہ فقط ایک پہلو ہے خدا کی اس آزماٸش کا جس سے خدا نے ہمیں گزارا اور مجھے حادثاتی طور پر ایک لکھاری بنا کر نثر لکھنے کی طرف راغب کیا۔ورنہ ان تکالیف کے عوض خدائے بزرگ وبرتر جس کے قبضے میں ہماری جان ہے،جو دلوں کے بھید جانتا ہے،جو کرم کرنے پہ تو اتنا نوازدے کہ ہمارےگمان تک میں نہ ہو۔اس ذاتِ کریم نے ہمیں اور بھی بہت نوازا،جس کا تزکرہ پھر سہی۔

0 Comments